نئی دہلی، 13مارچ (یو این آئی) دہلی کی ایک عدالت نے جمعہ کو اناو عصمت دری متاثرہ کے والد کی حراست میں موت معاملہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے نکالے گئے کلدیپ سنگھ سینگر سمیت سات لوگوں کو دس دس برس قید کی سزا سنائی۔
ضلع و سیشن جج دھرمیش شرما نے چار مارچ کو اترپردیش کے اناو ضلع کی عصمت دری کی متاثرہ کے والد کی حراست میں موت معاملہ میں ملزم سینگر اور چھ دیگر کو قصوروار قرار دیا
تھا۔سینگر نابالغ لڑکی کا 2017میں اغوا کرنے اور عصمت دری کرنے کا ملزم ٹھہرایا گیا ہے۔ عدالت نے آخری سماعت کے بعد گزشتہ برس 20دسمبر کو نابالغ کی عصمت دری کے معاملہ میں سینگر کو قصوروار قرار دیتے ہوئے عمرقید کی سزا سنائی تھی۔
متاثرہ کے والد کی 9اپریل 2018میں پولیس حراست میں موت ہوگئی تھی اور فریق استغاثہ کی کیمرے کے سامنے ہوئی کارروائی کے دوران استغاثہ کے حق میں تقریباََ 55اور بچاو میں 9گواہوں کو سنا گیا۔