نئی دہلی، 02 جون (یو این آئي) وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے سامنے 'خود انحصار ہندوستان' کا خاکہ پیش کرتے ہوئے آج کہا کہ ہندوستان کو تیز رفتار ترقی کی راہ پر واپس لانے اور خود انحصار ہندوستان کی تعمیر کے لئے پانچ چیزیں بہت اہم ہیں، جن میں خود ارادی،شمولیت، سرمایہ کاری ، بنیادی ڈھانچہ اور جدت طرازی شامل ہے۔
مسٹر مودی نے آج انڈسٹری بورڈ- سی آئی آئی کے 125 ویں سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "مجھے بہت اعتماد ہے کہ ہندوستان ایک بار پھر ترقی کی راہ پر واپس لوٹے گا۔ تیزی سے ترقی کی راہ پر ہندوستان کو واپس لانے اور خود انحصار ہندوستان کی تعمیر کے لئے پانچ چیزیں ضروری ہیں۔
آج ہندوستان پر دنیا بھر کا اعتماد بڑھاہے اور ہندوستانی صنعت کو اس سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ خود انحصار ہندوستان کا مطلب روزگار پیدا کرنا اور اعتماد پیدا کرنا ہے تاکہ عالمی سپلائی سلسلے میں ہندوستان کا حصہ مستحکم ہوسکے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اب ملک نے لاک ڈاؤن کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے تاجروں سے کہا کہ حکومت ان کے ساتھ ہے ۔ اب انہیں ایک قدم آگے بڑھانا چاہئے ، حکومت چار قدم آگے بڑھے گی۔
انہوں نے کہا کہ تین ماہ قبل ملک میں ایک بھی پی پی ای کٹ نہیں بنائی گئی تھی، لیکن آج روزانہ تین لاکھ کٹس بن رہی ہیں۔ حکومت خودکفیل ہندوستان سے متعلق ہر ضرورت کا خیال رکھے گی۔