نئی دہلی،25 جنوری(یواین آئی) یوم جمہوریہ کی تقریب کے موقع پر قومی دارالحکومت میں زمین سے لے کر آسمان تک چاروں طرف سکیورٹی کے پختہ انتظامات کئے گئے ہیں اور اس کےلئے ہزاروں مسلح جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے۔
دہلی پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ یوم جمہوریہ کے پیش نظر قومی دارالحکومت میں چپے چپے کی نگرانی کرکے سکیورٹی انتظامات چاک چوبند کئے گئے ہیں۔ یوم جمہوریہ کی تقریب کے ساتھ ساتھ کسانوں کی ٹریکٹر ریلی کےلئے بھی سکیورٹی کے فل پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ کسانوں کی تحریک میں گڑبڑی کرنے کے سلسلے میں پاکستان کی جانب سے چلائے گئے 308 ٹویٹر ہینڈل سے ملے انپٹ کے پیش نظر پولیس کے سامنے
چیلنج مزید بڑھ گئے ہیں۔ دہلی پولیس کا خیال ہے کہ یہ اس کےلئے بہت ہی چیلنجنگ کام ہے،لیکن وہ پوری طرح تیار ہے۔ مکمل طریقے سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دارالحکومت میں کرائے داروں اور نوکروں کی جانچ، سرحد پر جانچ،پرانی کاروں کی خرید فروخت کرنے والے ڈیلروں اور سم کارڈ ڈیلروں کی جانچ کرنے جیسے دہشت گردی مخالف اقدامات مسلسل کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے اسٹیشن،میٹرو اسٹیشن ،ہوائی اڈا اور بس ٹرمینل پر بھی سکیورٹی سخت کی گئی ہے۔اسی سلسلے میں تھانہ سطح پر میٹنگ کرکے علاقے کے ہوٹلوں ،گیسٹ ہاؤس اور دیگر اداروں کے گارڈ کو اور زیادہ چوکس رہنے کےلئے الرٹ جاری کیا ہے۔