حیدرآباد، 14 فروری(راست) حیدرآباد شہر کے مشہور سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کی قدیم عمارتیں منہدم کر دی گئیں۔ ریلوے اسٹیشن کے تزئین نو کے عمل کے تحت، جمعرات کو ریلوے حکام نے 1952 میں تعمیر شدہ اسٹیشن کی مرکزی عمارت کو مسمار کر دیا۔یہ عمارت اپنے وقت کی ثقافت اور فن تعمیر کی علامت تھی، جو اب صرف یادوں میں باقی رہ گئی ہے۔سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کو 1874 میں اس وقت کے نظام نواب نے تعمیر کروایا تھا۔ 1916
تک یہ نظام گیارنٹیڈ اسٹیٹ ریلوے (NGSR) کا مرکزی اسٹیشن تھا۔ 1951 میں NGSR کے قومیانے کے بعد، یہ انڈین ریلوے کا حصہ بن گیا اور 1952 میں یہاں نئی عمارت تعمیر کی گئی۔ اس کا ڈیزائن نظام فن تعمیر کے مطابق ایک قلعہ کی شکل میں تھا۔اب، اس اسٹیشن کو جدید ایئرپورٹ کی طرح بنانے کے لیے تیزی سے کام جاری ہے۔ 720 کروڑ روپے کے منصوبے کے تحت اس کی تزئین نو ہو رہی ہے، اور آئندہ ایک سال میں یہ مکمل طور پر جدید سہولیات سے آراستہ ہو جائے گا۔