نئی دہلی، 2 اگست (ایجنسی) وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ درج فہرست ذات و قبائل (ایس سی / ایس ٹی) پر ظلم و زیادتی روکنے کے مقصدسے کابینہ کی جانب سے بدھ کو منظور بل کو پارلیمنٹ کے رواں مانسون سیشن میں ہی پاس کرایا جائے گا۔
مسٹر سنگھ نے لوک سبھا میں وقفہ صفرکے دوران کانگریس کے لیڈر ملک ارجن كھڑگے کی طرف سے یہ مسئلہ اٹھائے جانے پر کہا 'سارا ملک آگاہ ہے کہ سپریم کورٹ نے جو حکم دیا تھا اس سے 'درج فہرست ذات و قبائل ظلم و زیادتی روک تھام قانون 'کمزور ہو گیا تھا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اسی
وقت کہا تھا کہ ہم ایسا ہی یا اس سے بھی سخت قانون لائیں گے۔کل ہی کابینہ نے اس بل کو منظوری دے دی ہے. ہم اسی سیشن میں اسے پیش کریں گے اور منظور كرائیں گے۔
پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس 10 اگست تک ہونا طے ہے اور جمعرات کے بعد اس کی چھ میٹنگیں ہونی ہیں۔
سپریم کورٹ نے 20 مارچ 2018 کے اپنے فیصلے میں موجودہ قانون کے اس شق کو ختم کر دیا تھا جس کے تحت ایس سی / ایس ٹی شہریوں کے خلاف کوئی زیادتی ہونے پر ایف آئی آر درج ہوتے ہی بغیر تفتیش کے فوری طور پر گرفتاری لازمی تھی۔