نئی دہلی/20اپریل(ایجنسی) سپریم کورٹ کے چیف جسٹس دیپک مشرا کے خلاف تحریک ملامت لانے کی خبروں کے درمیان سپریم کورٹ نے عدلیہ کے اراکین کے خلاف میڈیا میں جاری سرعام بیان بازی پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے اسے انتہائی افسوس ناک قرار دیا۔
جسٹس ارجن کمار سکری اور جسٹس اشوک بھوشن کی بنچ نے کہا"ہم سبھی اس بات سے مجروح ہیں۔ یہ نہایت افسوس ناک ہے۔" جسٹس سکری نے یہ تبصرہ اس وقت کیا جب ایک عرضی گذار کی طرف سے پیش وکیل نے ججوں کے خلاف تحریک
ملامت کے سلسلے میں لیڈروں کے عوامی بیانات کا ذکر کیا۔
عدالت عظمی نے اٹارنی جنرل کے کے وینو گوپال سے کہا کہ وہ اس معاملے کے سلسلے میں دائر عرضی کو نمٹانے میں اس کی مدد کریں۔ عرضی میں ایسے بیانات سے متعلق خبریں شائع یا نشر کرنے کے لئے میڈیا پر پابندی عائد کرنے کی بھی درخواست کی گئی ہے۔ عدالت عظمی نے معاملے کی سماعت کے لئے سات مئی کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے کہا کہ جب تک اٹارنی جنرل کا موقف سن نہیں لیا جاتا تب تک اس سلسلے میں کوئی حکم نہیں دیا جائے گا۔