نئی دہلی،31جنوری(ایجنسی)راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکئیا نائیڈو نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی مشترکہ میٹنگ میں صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کے خطاب کی کاپی ایوان کی میز پر رکھے جانے کے بعد کارروائی دن بھر کےلئے ملتوی کردی۔
پارلیمنٹ اجلاس کے پہلے دن سینٹرل ہال میں صدرجمہویہ کے خطاب کے بعد راجیہ سبھا کی کارروائی شروع ہوئی اور جنرل سکریٹری نے اراکین کو خطاب کی اطلاع دی۔انہوں نے ہندی اور انگریزی میں خطاب کی کاپی کو ایوان کی میز پر رکھا۔اس کے بعد مسٹر نائیڈو نے ایوان کو سابق وزیردفاع جارج فرنانڈس اور ایوان
کے سابق رکن سیتارا سنگھ کے انتقال کی اطلاع دی۔
چیئرمین نے کہا کہ دونوں آنجہانی لیڈروں نے ملک اور سماج میں قابل ذکر خدمات انجام دی تھیں۔دونوں اراکین نے ایوان میں بہار کی نمائندگی کی تھی۔انہوں نے کہا کہ مسٹر فرنانڈس کے انتقال سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے۔اراکین نے دو منٹ کےلئے خاموشی اختیار کرکے آنجہانی اراکین کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس کے بعد مسٹر نائیڈو نے ایوان کی کارروائی جمعہ تک کےلئے ملتوی کردی۔ اس سے پہلے مسٹر کووند نے مشترکہ اجلاس میں قومی جمہوری اتحاد(این ڈی اے)حکومت کے دور اقتدار کا حساب کتاب پیش کیا۔