نئی دہلی، 7 اپریل (یو این آئی) حکومت نے ملک میں ایئر کنڈیشنر اور ایل ای ڈی بلب سمیت تمام وہائٹ گڈ مینوفیکچرنگ کو فروغ دینے کے لئے 6238 کروڑ روپئے کی پروڈکشن پر مبنی ترغیبی اسکیم کا اعلان کیا ہے، جس کو آئندہ پانچ برسوں میں نافذ کیا جائے گا۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر صدارت بدھ کے روز یہاں منعقدہ مرکزی کابینہ کے اجلاس میں اس سلسلے میں تجویز کو منظوری دی گئی۔ کابینہ اجلاس کے بعد مرکزی وزیر صنعت و تجارت پیوش گوئل نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ اس اسکیم کے تحت آئندہ پانچ سالوں میں ملک کے اندر 1.68 لاکھ کروڑ روپے کی وہائٹ گڈ زمرے کیمصنوعات تیار کی جائیں گی۔ اس سے ایک اندازے کے مطابق 64400 کروڑ روپے کی برآمدات ہوں گی۔ اس اسکیم سے 7920 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کا تخمینہ ہے۔ اس سے اگلے پانچ برسوں میں چار لاکھ
روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور 49 ہزار 300 کروڑ روپے کی براہ راست اور بالواسطہ آمدنی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کا بنیادی مقصد سفید مصنوعات کے شعبے میں صلاحیت سازی اور اس کے لئے بنیادی ڈھانچہ تیار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کا فائدہ صرف مینوفیکچرنگ کے لئے دیا جائے گا اور اسیمبلنگ میں اس کا فائدہ نہیں ملے گا۔ اس اسکیم میں نئی کمپنیوں اور پرانی کمپنیوں کے توسیعی منصوبے شامل ہوں گے۔ یہ اسکیم کسی خاص خطے کے لئے نہیں بلکہ پورے ہندوستان میں نافذ ہوگی۔ اس اسکیم میں ملکی اور عالمی کمپنیاں اور چھوٹی صنعتیں بھی شامل ہوسکتی ہیں۔
اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لئے کمپنیوں کو بی آئی ایس اور بی ای ای کے معیار کی مصنوعات تیار کرنے ہوں گے۔ اس سے خطے میں جدید ترین ٹیکنالوجی لانے میں مدد ملے گی۔