نئی دہلی،26ستمبر(ایجنسی)انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی)منی لانڈرنگ معاملے میں کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی کے داماد رابرٹ واڈرا کو حراست میں لےکر پوچھ تاچھ کرنا چاہتا ہے۔جانچ ایجنسی نے جمعرات کو دہلی ہائی کورٹ سے مسٹر واڈرا کی ضمانت خارج کرکے انہیں پوچھ تاچھ کےلئے حراست میں دینے کی اپیل کی ہے۔
نچلی عدالت سے منی لانڈرنگ معاملے میں مسٹر واڈرا اور ان کے قریبی منوجن اروڑا کو عبوری ضمانت ملی ہوئی ہے۔ای ڈی نے دونوں کو ضمانت دئے جانے کے فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔
ای ڈی نے جسٹس چندر شیکھر کے سامنے کہا کہ مسٹر واڈرا جانچ میں تعاون نہیں کررہے ہیں۔اس لئے انہیں حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کرنے کی ضرورت ہے۔
بچاؤ فریق کے وکیل نے ای
ڈی کے دعووں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مؤکل جانچ میں پورا تعاون کررہے ہیں۔جانچ ایجنسی جب بھی انہیں پوچھ تاچھ کےلئے بلاتی ہے وہ حاضر ہوتے ہیں۔ دونوں فریقوں کی دلیلیں سننے کے بعد جسٹس شیکھر نے تفصیلی سماعت کےلئے پانچ نومبر کی تاریخ طے کی ہے۔
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا کے شوہر رابرٹ واڈرا پر 12برائن اسٹن اسکوائر میں تقریباً 17کروڑ روپے کی جائیداد خریدنے میں منی لانڈرنگ کا الزام ہے اور منی لانڈرنگ روک تھام قانون کے تحت ای ڈی اس معاملے کی جانچ کررہا ہے۔
نچلی عدالت نے مسٹر واڈرا کو کچھ شرطوں کے ساتھ عبوری ضمانت دی تھی۔مسٹر واڈرا بغیر پہلے سے اجازت لئے ملک سے باہر نہیں جاسکتے اور جانچ ایجنسی کے بلانے پر وہ اس کے سامنے حاضر ہوں گے۔