رانچی 06 نومبر ( یواین آئی ) چارہ گھوٹالہ معاملے میں سزا یافتہ راشٹریہ جنتادل ( آرجے ڈی ) صدر لالو پرساد یادو کے9 نومبر کو جیل سے باہر آنے کا دعویٰ کرنے والے ان کے بیٹے اور بہار اسمبلی کے انتخاب میں مہاگٹھ بندھن کے وزیراعلیٰ عہدہ کے امیدوار تیجسوی پرساد یادو اور پارٹی کو جھارکھنڈ ہائی کورٹ میں ضمانت پر سماعت کی تاریخ آگے بڑھ جانے سے آر جے ڈی سپریمو کے جیل سے باہر آنے کیلئے ابھی مزید انتظار کرنا ہوگا۔
جسٹس اپریش کمار سنگھ کی عدالت میں آج دمکا ٹریژری سے غیر قانونی نکاسی معاملے میں مسٹر لا پرساد یادو کی جانب سے ضمانت عرضی پر سماعت کے دوران مرکزی جانچ بیورو ( سی بی آئی ) نے اس پر جواب داخل کرنے کیلئے مزید وقت کا مطالبہ کیا ۔ ا سکے لئے عدالت نے سی بی آئی کو 24 نومبر تک کا وقت دے دیا ہے ۔ عدالت نے
سماعت کی آئندہ کی تاریخ 27 نومبر مقرر کی ہے ۔
معاملے میں مسٹر یادو کے وکیل نے کچھ دن قبل دمکا ٹریژری سے غیر قانونی نکاسی کے معاملے میں ضمانت عرضی داخل کی تھی ۔ عرضی میں انہوںنے درخواست کی تھی کہ مسٹر یادو نے اس معاملے میں آدھی سزا مکمل کرلی ہے اس لئے انہیں ضمانت دے دی جائے ۔
حالانکہ ضمانت پر سماعت کیلئے 9 نومبر کی تاریخ مقرر تھی ، لیکن آرجے ڈی صدر کے وکیل نے چھ نومبر کو ہی ان سے متعلق معاملے میں ضمانت پر سماعت کرنے کی درخواست کی تھی ، جسے عدالت نے قبول کر لیا تھا۔
چارہ گھوٹالے میں سزا یافتہ مسٹر یادو فی الحال رانچی کے راجندر انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنس ( ریمس ) واقع کیلی بنگلے میں رہ رہے ہیں۔ کورونا کے بڑھتے اثرات کی وجہ سے ریمس میں زیر علاج آرجے ڈی صدر کو کیلی بنگلے میں شفٹ کیا گیا تھا۔