نئی دہلی، 20 جولائی (یو این آئی) وزارت دفاع نے دو دیسی کمپنیوں مجھگاؤں ڈاک شپ بلڈرس لمیٹڈ اور لارسن اینڈ ٹیوبرو کو بحریہ کے لئے جدید ترین اسلحہ اور نظام سے لیس چھ آبدوز تعمیر کرنے کے واسطے ریکویسٹ فار پروکیورمنٹ(آر ایف پی) جاری کی ہے۔ اس منصوبے پر کل 40 ہزار کروڑ روپے لاگت آنے کا تخمینہ ہے۔
بحریہ کے لئے چھ جدید ترین آبدوز خریدنے کا فیصلہ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کی سربراہی میں گزشتہ ماہ منعقدہ دفاعی کونسل کے اجلاس میں
کیا گیا تھا۔
پروجیکٹ 75 (انڈيا) کے تحت بنائے جانے والے یہ آبدوز ایئر انڈیپنڈنٹ پروپلشن پلانٹ کے ساتھ لیس ہوں گے اور اسٹریٹجک پارٹنرشپ ماڈل کے تحت یہ پہلی خریداری ہوگی۔
پروجیکٹ 75 (انڈيا) کے ان آبدوزوں کی خریداری میں انجینئرنگ سپورٹ پیکیج، تربیت اور اسپیئر پیکیج شامل ہے۔ یہ تمام جدید آلات، اسلحہ ، سینسر، تارپیڈو اور جدید میزائلوں سے آراستہ ہوگا۔ اس سے ملک میں آبدوزوں کے ڈیزائن اور تیاری کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوگا۔