نئی دہلی، 22 اگست (ایجنسی)مارکسی کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی ایم) نے جموں وکشمیر کے معاملے میں بی جے پی اور سنگھ پریوار پر تاریخی ثبوتوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے اور پروپیگنڈہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے سبھی سیاسی لیڈروں کو رہا کرنے، امن اور مواصلات کے نظم اورریاست کی خودمختاری بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سی پی ایم کے سکریٹری جنرل سیتا رام یچوری اور پولٹ بیورو کے رکن برندا کرات نے آج یہاں ’’آئین کے ساتھ دھوکہ اور کشمیر کے ساتھ غداری‘ نامی ایک کتاب کا اجرا کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ ان کا الزام تھا کہ سنگھ پریوار نے ہندو راشٹر
بنانے کے اپنے ایجنڈے کے تحت یہ کارروائی کی ہے۔
مسٹر یچوری نے کہا کہ جب ہندوستان آزاد ہوا تھا تب کشمیر ہندوستان کا ناقابل تقسیم حصہ نہیں تھا اور تب مہاراجہ ہری سنگھ نے لارڈ ماؤنٹ بیٹن کو خط لکھ کر کہا کہ انہوں نے ابھی فیصلہ نہیں کیا ہے کہ وہ ہندوستان یا پاکستان میں کس کے ساتھ ضم ہوں گے۔وہ کچھ عرصہ کے بعد فیصلہ کریں گے لیکن کیا یہ ممکن نہیں ہے کہ وہ آزادرہیں اور دونوں ممالک سے دوستانہ تعلقات بنا کر رکھیں لیکن جب پاکستان نے کشمیر کو اپنے میں ضم کرنے کے لئے قبائلیوں سے حملہ کروایا تو کشمیر کی عوام نے ہندوستان کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا ۔