پٹنہ، 21دسمبر (یو این آئی) بہار میں حکمراں جنتادل یونائیٹڈ(جے ڈی یو) نے اہم اپوزیشن جماعت راشٹریہ جنتادل (آر جے ڈی) کی بہار بندکی اپیل کو پوری طرح ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب بند کو عوامی حمایت نہیں ملی تو آر جے ڈی کے لوگ اسے کامیاب بنانے کے لئے غندہ گردی پر اتر آئے ہیں۔
جنتادل (یو) کے چیف ترجمان سنجے سنگھ نے آج یہاں کہا کہ آر جے ڈی کے بہار بند کو عوامی حمایت نہیں مل رہی ہے اس سے مایوس ہوکر آر جے ڈی کے لوگ بند کو
کامیاب بنانے کے لئے غنڈہ گردی پر اتر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بند حامی ہاتھوں میں ڈنڈہ لیکر کئی جگہ پر توڑ پھوڑ کرتے نظر آرہے ہیں۔
مسٹر سنگھ نے کہاکہ آر جے ڈی کے کارکنوں نے کئی گاڑیوں میں توڑ پھوڑ کی اور یہاں تک کہ روزی روٹی کے لئے گھر سے نکلے غریبوں کو بھی نہیں بخشا۔ بند کے دوران آر جے ڈی کا کلچر صاف نظر آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام ایسے لوگوں کو اچھی طرح پہچانتی ہے اور وہ کبھی ایسے لوگوں کے ساتھ کھڑی نہیں ہوسکتی ہے۔