چنئی، 7 مئی (یواین آئی) تامل ناڈو کے نئے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن نے جمعہ کے روز پہلی بار وزیر اعلی کا عہدہ سنبھالنے کے فوراً بعد ریاست کے تمام راشن کارڈ یافتگان کو چار ہزار روپے کی امداد فراہم کرانے سمیت پانچ بڑے اعلانات کیے مسٹر اسٹالن کی جانب سے کئے گئے یہ تمام اعلانات پارٹی کے منشور میں بھی شامل ہیں۔ ان میں ریاست کے تمام راشن کارڈ ہولڈرز کو چار ہزارروپے کی راحت فراہم کرنا ، خواتین کو بس میں مفت سفر کرنا ،
ایوین دودھ کی قیمت تین روپے کم کرنا ، نجی اسپتالوں میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کے علاج کا خرچ حکومت کو برداشت کرنا شامل ہیں۔
سرکاری ریلیز کے مطابق ، مسٹر اسٹالن نے ریاست بھر میں دو کروڑ سات لاکھ 67 ہزار راشن کارڈ ریافتگان کو چار ہزار روپے کی امداد فراہم کرنے سے متعلق پہلی فائل پر دستخط کیے۔
اس اسکیم کی پہلی قسط کے طور پر راشن کارڈ یافتگان کو رواں ماہ میں 2 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔ اس پر کل 4153 کروڑ روپئے خرچ ہوں گے۔