نئی دہلی، 21 اپریل (یواین آئی) راشٹرپتی بھون نے اپنے کسی ملازم كے کورونا وائرس 'كووڈ 19' سے متاثر ہونے کی میڈیا رپورٹوں کو آج مسترد کردیا ۔
راشٹرپتی بھون کی جانب سے جاری ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اس کا کوئی ملازم وائرس سے متاثر نہیں ہوا ہے۔ ریلیز میں کہا گیا ہے کہ مشرق دہلی کے جس شخص کا گزشتہ 13 اپریل کو بی ایل کپور اسپتال میں انتقال ہو گیا تھا، وہ راشٹرپتی سیکرٹریٹ کا نہ تو کوئی ملازم تھا اور نہ ہی پریسیڈنٹ اسٹیٹ کا باشندہ۔اگرچہ بعد میں چھان بین کرنے پر پتہ چلا تھا کہ راشٹرپتی سیکرٹریٹ کے ایک ملازم کے خاندان کا ایک رکن اس مرنے والے شخص کے رابطے میں آیا تھا۔
ریلیز کے مطابق، پریسیڈنٹ اسٹیٹ کے پاکٹ اے میں رہنے
والے اس ملازم کے خاندان کے ساتوں ارکان کو گزشتہ 16 اپریل سے مندر مارگ میں كوارن ٹائن کرکے رکھا گیا ہے۔ ان ارکان کی جانچ سے پتہ چلا ہے کہ خاندان کا ایک رکن کورونا وا ئرس سے متاثر ہے ۔ جبکہ ملازم سمیت دیگر تمام اراکین کو کورونا وائرس کا کوئی انفیکشن نہیں ہے۔لہذا میڈیا کی یہ خبر غلط ہے کہ راشٹرپتی بھون کا کوئی ملازم کورونا وائرس سے متاثر ہے۔
اس سے پہلے دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے راشٹرپتی بھون کے احاطے میں ایک ملازم کے کورونا وائرس سے متاثرہ پائے جانے کی تصدیق کی تھی، جبکہ ذرائع نے کہا تھا کہ معاملہ سامنے آنے پر راشٹرپتی بھون کے احاطے میں رہنے والے 125 خاندانوں کو احتیاطاً آئیسولیشن (الگ تھلگ ) میں جانے کے لئے کہا گیا ہے۔