ایٹانگر ، 24 اکتوبر (یو این آئی) وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے منگل کے روز کہا کہ موجودہ عالمی منظر نامے کے پیش نظر ملک کے سیکورٹی نظام کو مضبوط کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے۔
انہوں نے اروناچل پردیش میں فارورڈ چوکیوں پر مسلح افواج کی عسکری تیاریوں کا براہ راست زمینی جائزہ لیتے ہوئے یہ بات کہی۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ حکومت کی طرف سے دفاعی ساز و سامان کی مقامی پیداوار کے ذریعے ملک
کی فوجی طاقت کو مضبوط بنانے کی تمام کوششیں کی جارہی ہیں۔ اپنے دورے کے دوران مسٹر راجناتھ سنگھ نے لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) سے متصل فرنٹ لائن پر تعینات فوجیوں سے بات چیت کی اور ان کے ساتھ دسہرہ منایا۔ انہوں نے مشکل حالات میں سرحدوں پر تعینات فوجیوں کی ثابت قدمی، پختہ عزم اور بے مثال حوصلے کے لیے ان کا شکر یہ ادا کیا، جو ہمیشہ اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ ملک اور اس کے باشندگان محفوظ رہیں۔