جے پور،8 دسمبر، (ایجنسی) راجستھان میں پندرہویں اسمبلی انتخابات سے قبل 14 الیکشن میں کانگریس 9 ، بی جے پی 4 مرتبہ اقتدار پر قابض ہونے میں کامیاب رہے ہیں جبکہ ایک مرتبہ جنتا پارٹی کی حکومت بن چکی ہے۔
کانگریس سنہ 1952 کے پہلے اسمبلی انتخابات میں 160 سیٹیں جیت کر اقتدار میں آئی اورجے نارائن ویاس وزیر علیٰ منتخب ہوئے، حالانکہ اس وقت کے وزیر اعلیٰ جے نارائن ویاس دو اسمبلی سیٹوں جودھ پور شہر اور جالورسے الیکشن میں کھڑے ہوئے لیکن انھیں شکست ہوئی۔بعد ازاں وہ ضمنی انتخابات میں کامیاب ہوئے۔ اس دوران کانگریس کے بعد سب سے زیادہ آزاد امیدوار فتحیاب ہو کر اسمبلی میں پہنچے جبکہ رام راجیہ پریشد (آر آر پی) کے کھاتے میں24 سیٹیں آئیں۔
سنہ 1957 کے انتخابات میں بھی کانگریس 119 سیٹیں جیت کر بر سر اقتدار آئی اور موہن لال سکھاڑیہ وزیر اعلیٰ کے منصب پر فائز ہوئے۔اس سال کے الیکشن میں آر آر پی 17 جبکہ آزاد امیدوار 32 سیٹوں پر قبضہ کر کے دوسری پوزیشن پر رہے ۔ اس الیکشن میں جن سنگھ کے 6، سی پی آئی اور پی ایس پی کے ایک ایک امیدوار فتحیاب ہوئے۔ سنہ 1962 میں کانگریس کے 88 امیدوار کامیاب ہوئے اور پھر اسی کی حکومت قائم ہوئی۔
سوتنتر پارٹی کے 36، جن سنگھ کے 15 ، سی پی آئی کے 5 سوشلسٹ پارٹی کے 5 ،آر آر پی اور پی ایس پی کے دو دو امیدوارالیکشن میں فتحیاب ہوئے۔
اس کے بعد سنہ 1967 میں ہونے والے 184 نشستوں پر مشتمل راجستھان کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس 89 سیٹیں ہی جیت سکی۔ کانگریس کے شری سکھاڑیہ دوسری مرتبہ وزیر اعلیٰ بنے، لیکن دوسرے دن ہی صدر راج نافذ ہو گیا۔ حالانکہ 49 سیٹیں جیتنے والی دوسری سب سے بڑی جماعت سوتنتر پارٹی کے مہاراول لکشمن سنگھ کی قیادت میں دوسری سیاسی جماعتیں اور آزاد امیدواروں کے مشترکہ ارکان اسمبلی جماعت نے بھی حکومت بنانے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہو سکے۔ صدر راج ہٹنے کے بعد 26 اپریل 1967 کو سکھاڑیہ پھر وزیر اعلیٰ کے منصب پر فائز ہوئے۔
سنہ 1972 میں پانچویں اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے 145 سیٹیں جیت کر اکثریت سے مسلسل پانچویں دفعہ اقتدار میں آئی۔ اس الیکشن میں جن سنگھ نے 8 سوتنتر پارٹی اور آزاد امیدواروں نے گیارہ گیارہ جبکہ سی پی آئی اور سی پی ایم نےایک ایک سیٹ پر قبضہ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ ہری دیو جوشی کے وزیر اعلیٰ کے دور میں 29 اپریل 1973 کو ریاست میں پھرصدر راج نافذ ہو گیا۔