نئی دہلی، 12 نومبر (ایجنسی) الیکشن کمیشن (ای سی آئی) نے پیر کے روز تلنگانہ اور راجستھان کے اسمبلی انتخابات کے لئے نوٹیفکیشن جاری کیا۔ ایک ہی مرحلے میں راجستھان کی 200 سیٹوں اور تلنگانہ کی 119 سیٹوں پر 7 دسمبر کو ووٹ ڈالے جائيں گے۔
دونوں ریاستوں میں کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 19 نومبر مقرر کی گئی ہے۔ نامزدگیوں
کا معائنہ 20 نومبر کو کیا جائے گا، جبکہ 22 نومبر تک امیدوار اپنی نامزدگی کی درخواست واپس لے سکیں گے۔ الیکشن کمیشن نے 9 نومبر کو ہی چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش، راجستھان، میزورم اور تلنگانہ کے اسمبلی انتخابات کے لئے ایگزٹ پول پر 12 نومبر سے 7 دسمبر تک پابندی عائد کردی ہے۔ الیکشن کمیشن نے گزشتہ ماہ 6 اکتوبر کو پانچ ریاستوں مدھیہ پردیش، راجستھان، تلنگانہ، چھتیس گڑھ اور میزورم کے اسمبلی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا تھا ۔ ان میں سے راجستھان اور تلنگانہ کے لئے آج باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ تمام پانچوں ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی 11 دسمبر کو کی جائے گی۔