نئی دہلی ، 09 اپریل (یواین آئی) کووڈ وبا کی وجہ سے معاشی سست روی کے دوران انڈین ریلوے نے گذشتہ ماہ ختم ہونے والے آخری مالی سال میں مال برداری کے سلسلے میں ایک ریکارڈ قائم کرکے تاریخ رقم کی ہے۔
انڈین ریلوے نے مالی سال 2020-21 میں 123.264 کروڑ ٹن مال ڈھلائی کی اور 117386 کروڑ روپے کی آمدنی حاصل کی۔ گذشتہ مالی سال 2019۔20 میں 121.046 کروڑ ٹن مال ڈھلائی کی تھی اور 1113897 کروڑ روپے کی آمدنی ہوئی تھی۔
ریلوے بورڈ کے چیئرمین اور چیف ایکزیکیٹو آفیسر سنیت شرما نے ورچول پریس کانفرنس میں بتایا کہ مسافروں کی خدمات میں کمی کے بعد بجٹ کا نظر ثانی شدہ تخمینہ 15000 کروڑ روپے لگایا
گیا تھا اور اب تک موصولہ اعدادوشمار کے مطابق 15135 کروڑ روپے کی آمدنی ریکارڈ کی گئی۔
مسٹر شرما نے کہا کہ ریلوے نے تقریبا 75 فیصد میل ایکسپریس ٹرینوں اور 90 فیصد کے قریب مضافاتی سروس کو بحال کیا ہے۔ 1402 خصوصی ٹرینیں اور 5381 مضافاتی ٹرینیں چلائی جارہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ریلوے مانگ کی بنیاد پر ٹرینوں کو چلانے کے لئے پرعزم ہے۔ 29 اور 30 جوڑی نئی ٹرینیں بالترتیب ممبئی سے مشرقی اور دیگر علاقوں میں متعارف کروائی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام زون اور ڈویژن میں ریک تیار رکھے گئے ہیں۔ جیسے ہی طلب میں اضافہ ہوتا ہے، ویسے ہی فوری طور سے گاڑی چلانے کی پوری تیاری ہے۔