نئی دہلی، 10 جون (یو این آئی) سپریم کورٹ نے 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں کیرالہ کی وائناڈ سیٹ سے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی جیت کو چیلنج کرنے والی درخواست کی سماعت بدھ کو دو ہفتے کے لئے ملتوی کر دی۔
کانگریس لیڈر کے خلاف الیکشن لڑنے والی اور سولر گھپلے کی ملزم سریتا ایس نائر نے مسٹر گاندھی کے انتخابی کو چیلنج کیا ہے۔
چیف جسٹس شرد اروند بوبڈے، جسٹس اے ایس بوپنا اور جسٹس ہری کیش رائے کی بینچ نے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست والا خط موصول ہونے کے بعد معاملے کی سماعت دو ہفتے کے لئے ملتوی کردی۔
محترمہ نائر نے کیرالہ ہائی کورٹ کی طرف سے انتخابات کی درخواست مسترد کئے جانے
کو عدالت میں چیلنج کیا ہے۔ انہوں نے درخواست میں کہا ہے کہ امیٹھی کے الیکشن افسر نے ان کے کاغذات نامزدگی قبول کرلیا تھا، جبکہ وائناڈ کے الیکشن افسر نے اسے منسوخ کر دیا تھا۔
عوامی نمائندگی ایکٹ کی دفعہ 8 (3) کے تحت فوجداری مقدمات میں دو سال سے زیادہ کی سزا پانے والے امیدوار کا اندراج منسوخ کیا جا سکتا ہے۔ درخواست گزار کو نچلی عدالت نے سولر گھپلے میں قصوروار ٹھہراتے ہوئے تین سال کی سزا دی ہے۔ اسی کی بنیاد پر وائناڈ کے الیکشن افسر نے نامزدگی مسترد کر دیا تھا۔
محترمہ نائر کا کہنا ہے کہ اپیلی عدالت نے ان کی سزا پر روک لگائی ہوئی ہے اور اس طرح وہ متعلقہ قانون کے تحت الیکشن لڑنے کے اہل ہیں۔