گوا ، 6 ستمبر (یو این آئی) یوتھ کانگریس نے کہا ہے کہ پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی مسلسل لوگوں کے مسائل اجاگر کر رہے ہیں اور ملک کے عوام سے بات چیت کر کے ان کےحق میں اپنی آواز بلند کر رہے ہیں ، اس لئےانہیں دوبارہ کانگریس کی باگ ڈور سونپ جانی چاہئے ۔
یوتھ کانگریس کی یہاں دو دن تک جاری رہنے والی مجلس عاملہ کی میٹنگ کے آخری دن آج ایک قرارداد منظور کی گئی کہ ملک کے عوام کے مفاد میں مسٹر گاندھی کو کانگریس کا صدر بنایا جانا چاہئے ۔ میٹنگ میں اس قرارداد کومتفقہ طور پر منظور کر کے کہا گیا کہ مسٹر گاندھی کو دوبارہ کانگریس کی باگ ڈور
سونپی جانی چاہئے ۔
تنظیم کی دو دن تک جاری رہی میٹنگ میں بے روزگاری کے ساتھ مہنگائی ، کسانوں کے مسائل ، قومی سلامتی ، سرکاری املاک کی فروخت اور دیگر سلگتے ہوئے مسائل پرتبادلہ خیال کیا گیا، جس میں اس بات پر غور کیا گیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی سے ان چیلنجز کو لے کر لڑائی کیسے لڑی جا سکے ۔ یوتھ کانگریس کے صدر شری نواس بی وی نے مسٹر گاندھی کو دوبارہ کانگریس صدر بنانے کی تجویز پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی تنظیم آنے والے دنوں میں تمام سلگتے مسائل پر سڑکوں پر اترے گی اور ملک کے عوام کے حقوق کے لیے لڑے گی۔