امیٹھی: 10 اپریل(ایجنسی) کانگریس صدر راہل گاندھی نے رافیل طیارہ سودا معاملے میں گھپلے کا الزام لگاتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کو اس معاملے کسی بھی مقام پر کھلی بحث کا چیلنج دیا ہے۔ مسٹر گاندھی نے بدھ کو پارلیمانی سیٹ امیٹھی سے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد میڈیا نمائندوں سے کہا" میں پھر کہتا ہوں کہ جنگی طیارہ خرید معاملے میں گھپلہ ہوا ہے میں اپنی بات پر قائم ہوں۔ اس معاملے پر جب سچائی سامنے آئے گی تو اس میں انل امبانی اور وزیر اعظم نریندر مودی کا نام ہوگا، میں اب بھی کہہ رہا ہوں کہ وزیر اعظم جہاں بھی چاہیں اس معاملے پر مجھ سے بحث کرسکتے ہیں۔میں ہر جگہ اور ہر وقت تیار
ہوں۔
انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ نے رافیل معاملے میں گھپلہ کی جانچ کرانے کی بات کو قبول کیا ہے۔ یہ کانگریس کے دلیل کی تصدیق کرتی ہے۔مسٹر گاندھی نے گوری گنج واقع کلکٹریٹ میں اپنے خاندان کے اراکین کی موجودگی میں اپنی روایتی سیٹ امیٹھی سے پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ اس موقع پر مسٹر گاندھی کے ساتھ ان کی ماں سونیا گاندھی، بہن پرینکا گاندھی، بہنوئی رابرٹ واڈرا، ان کے بچےریحان اور ماریہ ڈسٹرکٹ الکٹورل افسر کے دفتر میں موجود رہے۔