نئی دہلی، 22جنوری (ایجنسی) کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے ایک تازہ رپورٹ کے بہانے وزیراعظم نریندر مودی پر آج سخت حملہ کرتے ہوئے کہاکہ ان کی حکومت نے 'بیٹی بچاو بیٹی پڑھاو' کے تحت مختص فنڈ کا 56فیصد سے زیادہ پیسہ اس کی تشہیر و نشریات پر خرچ کیا ہے۔
مسٹر گاندھی نے 'مودی بچاو اشتہار چلاو' موضوع کے ساتھ ٹوئٹ کرکے وہ خبر بھی پوسٹ کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 2014-15سے 2018-19کے درمیان 'بیٹی بچاو بیٹی پڑھاو' کے لئے
مختص فنڈ کا 56فیصد سے زیادہ پیسہ تشہیر و نشریات پر خرچ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس کے ٹھیک برعکس اضلاع اور ریاستوں کو 25فیصد سے کم پیسہ الاٹ کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلہ میں اس کے لئے 19فیصد سے زیادہ رقم جاری نہیں کی گئی ۔
کانگریس کے صدر نے خواتین اور اطفال کی فلاح و بہبود کے وزیرمملکت وریندر کمار کے چار جنوری کو لوک سبھا میں ایک سوال کے جواب کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ اسکیم کے تحت 644کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جس میں سے صرف 159کروڑ روپیہ ہی اضلاع اور ریاستوں کو بھیجا گیا ہے۔