سری نگر، 13 اگست (یو این آئی) جموں و کشمیر پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے اونتی پورہ علاقے میں لشکر طیبہ جنگجو تنظیم کی دو کمین گاہوں کو تباہ کر کے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ جنگجوؤں کے چھپنے کی مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر فوج کی 55 آر آر، 130 بٹالین سے وابستہ سی آر پی ایف اور پولیس کی ایک مشتترکہ ٹیم نے گزشتہ شب اونتی پورہ کے بدرو بارسو علاقے کے جنگل کا محاصرہ کر کے تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔
انہوں
نے کہا کہ تلاشی آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے جمعرات کی صبح لشکر طیبہ جنگجو تنظیم کی دو کمیں گاہوں کو تباہ کر دیا اور بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا۔
موصوف نے کہا کہ برآمد شدہ اسلحہ میں 1918 اے کے راؤنڈس، دو ہتھ گولے، ایک یو بی جی ایل اور چار یو بی جی ایل گرینیڈوں کے علاوہ امونیم نائٹریٹ، خام پائپ بم، پانچ ہزار چار سو روپے نقدی، برتن، کھانے کی اشیا، گیس چولھا وغیرہ شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن اونتی پورہ میں ایک کیس درج کیا گیا ہے۔