پدوچیری ،28 نومبر(یواین آئی) پدوچیری کے وزیراعلی وی نارائن سامی نے کہا ہے کہ سمندری طوفان سے ریاست کو چار سو کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے اور انہوں نے مرکزی حکومت سے ریاست کو سو کروڑ روپے کی عبوری راحت رقم مہیاکرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مسٹر نارائن سامی نے ورچوئل پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ انہوں نے وزیراعظم نریندرمودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو خط لکھا ہے اور مرکزی حکومت کی جانب سے ریاست کو سو کروڑ روپے کی عبوری راحت رقم مہیا کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس دوران انہوں نے فوج،قومی آفات انتظامیہ دستہ (این ڈی آر ایف) اور
راحت ایجنسیوں کو آفت کے وقت میں بہترین کام کرنے کےلئے شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے بتایا کہ نیوار کی وجہ سے سڑکوں اور جھوپڑیوں کے علاوہ زرعی شعبہ میں بھی بھاری نقصٓن ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ انڈیا ٹو ڈے میگزین نے پدوچیری کا انتخاب کیا اور ریاست کو تعلیم اور صحت کے شعبہ میں چار انعامات سے نوازا ہے۔
مسٹر نارائن سامی نے بتایا کہ ریاست میں پچھلے دس دنوں کے دوران کورونا وائرس کی وجہ سے کسی بھی مریض کی موت نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے اس بات کو پھر دہرایا کہ جب کورونا ویکسن مہیا ہوجائے گی تو ریاست کے لوگوں کو یہ ویکسن مفت میں دی جائے گی۔