پڈوچیری‘ 30اپریل (ایجنسی) مدراس ہائی کورٹ کی مدورائی بنچ نے پڈوچیری کی لفٹننٹ گورنر کرن بیدی کو خصوصی اختیارات عطا کرنے والے سرکاری حکم نامہ پر آج روک لگادی۔
کانگریس ممبر اسمبلی کے لکشمی نارائن کی طرف سے سال2017میں دائر عرضی پر سماعت کرتے ہوئے جسٹس آر مہادیون نے کہا کہ اقتدار میں منتخب حکومت کے رہتے ہوئے برتری یا عوام کے مفادات کی آڑ لے کر لفٹننٹ گورنر معمول کے کام کاج میں مداخلت نہیں کرسکتیں۔ جسٹس مہادیو نے کہا کہ لفٹننٹ گورنر کو پڈوچیری کے وزیر اعلی کے اختیارات میں مداخلت کرنے اور کسی سرکاری دستاویز کو منگانے کا کوئی حق نہیں ہے۔ مسٹر لکشمی نارائن نے اپنی عرضی میں نو منتخب وزارتی کونسل کے باوجود لفٹننٹ گورنر کو حاصل اختیارات پر سوال اٹھایا تھا۔
عدالت نے عرضی گذار کی
اپیل پر سماعت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی منتخب حکومت کو سروس کے معاملے میں کارروائی کرنے کا اختیار ہے۔ ساتھ ہی عدالت نے مرکزی حکومت کے ذریعہ سال 2017 میں لفٹننٹ گورنر کے اختیارات کے سلسلے میں دئے گئے دو وضاحتی حکم منسوخ کردئے۔
عدالت نے کہا کہ مالیات‘ انتظامیہ اور خدمات میں محترمہ بیدی آزادانہ طور پر کام نہیں کرسکتی ہیں۔ انہیں ان معاملات میں کابینہ کے مشورے پر کارروائی کرنا ہوگا۔
خیال رہے کہ سال2016میں محترمہ بیدی کے پڈوچیری کے لفٹننٹ گورنر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ریاست کے وزیر اعلی وی نارائن سوامی اور وہ کئی مواقع پر آمنے سامنے آچکے ہیں۔ مسٹر نارائن سوامی نے محترمہ بیدی کے بہبودی اسکیموں کو روکنے‘ نو منتخب حکومت کو نظر انداز کرنے اور ان کے ہفتہ وارعلاقائی دوروں کی مذمت کی تھی۔