بھوپال،24 مارچ (یو این آئی) مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے عوامی نمائندوں سے اپیل کی ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کو ختم کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا دیں۔
مسٹر چوہان نے آج یہاں اسمبلی کے احاطے میں عوامی نمائندے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے بھوپال اور جبل پور میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے اور36 شہروں میں متعلقہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے۔ ریاست کے تمام انتظامی افسران کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اس وبائی مرض کی روک تھام
کے لیے احتیاطی اقدامات کریں۔
وزیر اعلیٰ نے وزیراعظم نریندر مودی کی ’جنتا کرفیو‘ کی اپیل کو ملنے والی عوامی حمایت کی تعریف کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے واحد طریقہ‘ اس کی کڑی کو توڑنا ہے۔ عوامی نمائندوں کو یقین دلائیں کہ بحران ہے لیکن انتظامیہ عوامی تعاون سے اس عالمی وبا سے نمٹنے کی اہل ہے۔ انتظامیہ کے لاک ڈاؤن کے حکم پر مکمل کاربند رہیں۔
انہوں نے کہا کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ عوامی سہولت کے لیے تمام ضروری خدمات کو اس سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔