نئی دہلی، 2 فروری (یو این آئی) سماج وادی پارٹی کے لیڈر رام گوپال یادو نے آج راجیہ سبھا میں الزام لگایا کہ اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں جیت حاصل کرنے کے لئے ایک پارٹی کے چند لیڈران اشتعال انگیز تقریریں کر رہے ہیں اور غیر پارلیمانی زبان کا استعمال کر رہے ہیں۔
مسٹر یادو نے صدر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ سماج وادی پارٹی کے ایک سینئر لیڈر کو 'غنڈہ' کہا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گالی گلوچ پر ردعمل بھی آئے گا۔ پارٹیوں کو پالیسیوں پر بات کرنی چاہیے لیکن وہاں ایسا
نہیں ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم میں مندر کی تعمیر کو روکنے کے تعلق سے الزامات لگائے جا رہے ہیں، جب کہ اجودھیا میں مندر کی تعمیر سے کسی کو نہیں روکا جا رہا ہے، بلکہ ایس پی کی حکومت بننے کے بعد اس کی تعمیر مزید تیزی سے کی جائے گی۔ انہوں نے صدر کے خطاب کو تضادات سے بھرپور قرار دیتے ہوئے کہا کہ روایت کی وجہ سے وہ اس کی حمایت کر رہے ہیں لیکن ان کا دل نہیں کرتا ہے۔
مسٹر یادو نے کہا کہ اتر پردیش کے لوگوں کا دم گھٹ رہا ہے۔ گائے اور بیل سے فصلوں کی حفاظت کے لیے لوگ رات بھر جاگتے رہتے ہیں۔