حیدرآباد _ 9 اگست ( اردولیکس) یوم عاشورہ شہر حیدرآباد میں نہایت ہی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔اس موقع پرحضرت امام حسینؓ کی شہادت عظمیٰ کی یاد میں ارض دکن کا تاریخی بی بی کے علم کا جلوس پرانا شہر میں ہاتھی پر الاوہ بی بی دبیرپورہ سے نکالا گیا، جو براہ بنگلہ بینی، کمان شیخ فیض، اعتبار چوک، کوٹلہ عالی جاہ، چوک میدان خان سے ہوتا ہوا تاریخی چارمینار پہونچا۔ اس کے بعد یہ جلوس، چارکمان، گلزار حوض سے ہوتا ہوا قدم رسول پنجہ شاہ پہونچا جہاں مجلس برپا ہوئی۔
اس موقع پر مختلف شیعہ انجمنوں کی جانب سے ماتم کیا گیا۔ ماتمی جلوس میں ہزاروں کی تعداد میں عزاداروں نے شرکت کی۔ عزادار نوحہ خوانی اور سینہ کوبی کر رہے تھے۔ جلوسوں کے راستوں پر جگہ جگہ سبیلوں کا اہتمام کیا گیا
تھا۔ مختلف تنظیموں کی جانب سے مفت طبی کیمپ منعقد کئے گئے تھے۔زخمیوں سوگواروں کی مرہم پٹی کی گئی۔بی بی کے علم کے سامنے پولیس کا گھڑسوار دستہ بھی موجود تھا۔محکمہ پولیس کے اعلی عہدیدارجلوس کے انتظامات کی نگرانی میں مصروف دیکھے گئے۔ بعدازاں یہ جلوس اعتبار چوک، منڈی میرعالم سے ہوتا ہوا پرانی حویلی پہونچا نظام ٹرسٹ کے دیگرذمہ دار وں نے علم کو ڈھٹی پیش کی۔
وہاں سے بی بی کے علم کا یہ جلوس الاوہ سرطوق سے ہوتا ہوا دارالشفاء ٹریفک پولیس اسٹیشن پہونچا ۔ بعدازاں یہ جلوس قدیم دفتر کمشنر مجلس بلدیہ اورعزا خانہ زہرہ دارالشفاء پہونچا جہاں خانوادہ آصفیہ کے ارکان نے‘ بی بی کے علم کو ڈپٹی پیش کی۔ یہ جلوس براہ کالی قبر سے ہوتا ہوا مسجد الہی چادر گھاٹ پہونچ کر اختتام پذیرہوگا