نئی دہلی‘ 19 جولائی (ایجنسی) کانگریس صدر کے عہدہ سے استعفی دے چکے مسٹر راہل گاندھی نے پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا کی گرفتاری کو غیر قانونی اور افسوس ناک قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ اترپردیش کی بی جے پی حکومت زیادتی پر اترآئی ہے اور اقتدارکا غلط استعمال کررہی ہے۔
مسٹر گاندھی نے آج ٹوئٹ کیا”اترپردیش کے سون بھدر میں پرینکا کی غیر قانونی گرفتاری افسوس ناک ہے۔ سون بھدر میں اپنی زمین خالی کرنے سے منع کرنے والے کسانوں کو گولی مار کر بے رحمی سے قتل کردیا گیا تھا اور متاثرہ کنبوں سے ملاقات کے لئے جاتے ہوئے انہیں گرفتار کرنا اقتدار کی طاقت کا غلط استعمال ہے۔ا س سے ثابت ہوتا ہے کہ اترپردیش کی بی جے پی حکومت میں عدم تحفظ بڑھ رہا ہے۔“
کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال نے بھی ایک بیان جاری کرکے محترمہ واڈراکی گرفتار پر افسوس ظاہر کیا ہے اور اس کارروائی کو اترپردیش حکومت کی من مانی قرا ردیتے ہوئے ان کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں
نے کہا کہ بی جے پی حکومت ملک کے عوام کے ساتھ بدسلوکی سے پیش آرہی ہے اور ناانصافی کررہی ہے۔ پارٹی محترمہ واڈرا کے ساتھ کئے گئے سلوک کی مذمت کرتی ہے اور اس کے خلاف ملک گیر تحریک چلا ئے گی۔
پارٹی نے اپنے آفیشیل پیج پر اس سے متعلق ٹوئٹ کیا اور کہا ”سون بھدر قتل معاملے کے متاثرین سے ملاقات کے لئے جارہی کانگریس کی جنرل سکریٹری کی گرفتاری اترپردیش حکومت کی تاناشاہی کی واضح مثال ہے۔ ہم متاثرین کو انصاف دلانے کے عزم پر قائم ہیں اور بی جے پی حکومت کے ان گھٹیا ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ کانگریس جنرل سکریٹری کو سونبھدر جانے سے زبردستی روکنا جمہوریت کی توہین ہے۔ بغیر تحریری حکم اور آئین کے بنیادی روح کے برخلاف حکومت کا یہ قدم تاناشاہی کا مظہر ہے۔“
خیال رہے کہ سون بھدر میں 17جولائی کو گاوں کے پردھان نے زمین تنازع میں گولی چلادی تھی جس میں دس کسان ہلاک ہوگئے او ر28دیگر زخمی ہوگئے۔محترمہ واڈرا انہیں کسانوں کے متاثرہ اہل خانہ سے ملاقات کے لئے جارہی تھیں۔