نئی دہلی/27جون(ایجنسی) کانگریس نے جھارکھنڈ میں گزشتہ روز ہونے والے نکسلی حملے میں چھ جوانوں کے شہید ہونے کے واقعہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے آج مودی حکومت پر جوانوں کو بہتر ہتھیار دستیاب نہیں کرانے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ ملک کی داخلی سلامتی سے کھلواڑ کیا جا رہا ہے۔ کانگریس کے ترجمان Priyanka Chaturvedi پرینکا چترویدی نے یہاں پارٹی کی معمول کی پریس بریفنگ میں کہا کہ فوج کے پاس موجود ہتھیاروں میں صرف آٹھ فیصد ہتھیار ہی جدید ہیں اور 24 فیصد عام نوعیت کے ہیں جبکہ 68 فیصد پرانے پڑ چکے ہیں۔ جوان جن ہتھیاروں کا استعمال کر رہے ہیں، ان میں بہت سے کسی کام کے نہیں ہیں اور
ماہر ین انہیں میوزیم میں رکھنے کا مشورہ دے رہے ہیں لیکن مودی حکومت انہی کے بل پر سکیورٹی کا دم بھر رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مودی حکومت ملک کی سلامتی کے تعلق سے سنجیدہ نہیں ہے اور یہی وجہ ہے کہ یہ حکومت کئی بار وزیر دفاع بدل چکی ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی پر شہیدوں کے نام پر سیاسی روٹیاں سینکنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت مسلسل ملک کی سلامتی کے لئے سنجیدہ نہیں ہے، اس لئے وہ مسلسل دفاعی بجٹ میں کمی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018-19 کا دفاعی بجٹ جی ڈی پی کا 1.58 فیصد ہے اور یہ 1962 کے دفاعی بجٹ سے بھی کم ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پارلیمنٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے بھی کہا ہے کہ فوج کی ضرورت کو پورا کیا جانا چاہئے اور فوج کو اس کی ضرورت کے مطابق بجٹ دیا جانا چاہئے۔ انہوں نے مودی حکومت پر اس معاملے میں سیاست کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ فوج کو کافی بجٹ نہیں دیا جا رہا ہے۔ بجٹ کی کمی کی وجہ سے جوانوں کے پاس ضرورت کے مطابق ہتھیار نہیں ہیں۔ حکومت کی اس ناکامی کا خمیازہ ملک کے فوجیوں اور سلامتی دستے کو جان دے کر بھگتنا پڑ رہا ہے۔