نئی دہلی‘ 20جولائی(ایجنسی) کانگریس نے اترپردیش حکومت پر مجرموں کو تحفظ فراہم کرنے اور جمہوریت پر حملہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ سون بھدر کے متاثرین سے ملاقات کے لئے جارہی پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا کی گرفتاری سے ثابت ہوگیا ہے کہ اترپردیش میں ’اندھیر نگری چوپٹ راجہ‘ والی حالت ہے۔
کانگریس میڈیا سیل کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے آج یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یوگی ادیتیہ ناتھ
حکومت نے محترمہ پرینکا واڈرا کو غیر قانونی طریقے سے گرفتار کرکے نظر بند کردیا ہے۔ ان کا قصور صرف اتنا ہے کہ وہ سون بھدر جاکر متاثرین سے ملاقات کرکے غریب قبائلی کنبوں کے اراکین کا دکھ بانٹنااور ان کے آنسو پوچھنا چاہتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’اندھیر نگری چوپٹ راجہ‘ کے دور میں سون بھدر میں غنڈو ں نے غریبوں کو ان کی زمین سے بے دخل کرنے کی کوشش کی اور جب غریب قبائلی اپنی زمین چھوڑنے کے لئے تیار نہیں ہوئے تو غنڈوں نے کھلے عام دس قبائلیوں کو گولی مار کر قتل کردیا۔