نئی دہلی، 5 نومبر (یو این آئی) آسیان سربراہ اجلاس سے واپس آنے کے بعد وزیراعظم نریندر مودی نے گزشتہ ہفتے سے زہریلی ہوا میں سانس لے رہی قومی راجدھانی دلی میں آلودگی کی صورتحال کا جائزہ لیا راجدھانی میں گزشتہ دنوں کے مقابلے میں آج ہوا کے معیار میں معمولی بہتری آئی ہے لیکن ابھی بھی یہ حالت سنگین ہے آسیان سربراہ اجلاس سے منگل کے روز واپس آئے وزیراعظم کو حکومت کی جانب سے حالات اور اسے نمٹنے کے لئے اٹھائے گئے اقدام کی تفصیلی جانکاری دی گئی وزیراعظم کے دفتر نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے ایک میٹنگ میں راجدھانی دلی سمیت شمالی ہند کے مختلف حصوں میں آلودگی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ملک کے مغربی حصے میں گردابی طوفان ’مہا‘ کے سبب پیدا ہوئی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں کا بھی
جائزہ لیا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم کی غیر موجودگی میں وزیراعظم کے پرنسپل سکریٹری پی کے مشرا آلودگی کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پنجاب، ہریانہ اور دلی کے ساتھ رابطہ قائم کئے تھے۔ گزشتہ دو دنوں میں انہوں نے تین ریاستوں کے چیف سکریٹریوں کے ساتھ میٹنگ کرکے ان سے جنگی سطح پر اقدام کرنے کے لئے کہا تھا سپریم کورٹ نے بھی آلودگی سے پیدا صورتحال کے پیش نظر ریاستوں کے ساتھ ساتھ دلی حکومت اور مرکزی حکومت کو بھی لاپروائی برتنے کے لئے سرزنش کی تھی۔ عدالت نے کہا تھا کہ لوگوں کو اس طرح مرنے کے لئے نہیں چھوڑا جاسکتا۔ اس کے بعد سے تین ریاستوں اور مرکزی حکومت کی جانب سے آلودگی سے نمٹنے کےلئے متعدد اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ ان کی وجہ سے ہوا کے معیار میں معمولی بہتری آئی ہے لیکن صورتحال اب بھی قابو سے باہر ہے۔