لکھنؤ:31مئی(یواین آئی) صدر جمہوریہ رام ناتھ کوندآئندہ 6جون کو اترپردیش اسمبلی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔ اسمبلی سکریٹریت کی جانب سے منگل کو یہ جانکاری دی گئی۔
اسمبلی اسپیکر ستیش مہانہ نے اس اہم اجلاس کے خوش اسلوبی سے انعقاد کے لئے دونوں ایوانوں میں سبھی پارٹیوں کے لیڈروں سے تعاون کی اپیل کی ہے۔اس سلسلے میں ودھان بھون میں منعقد آل پارٹی میٹنگ میں قائد ایوان وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو ودھان پریشد کے چئیرمین کنور مانویندر سنگھ سمیت سبھی پارٹیوں کے لیڈروں نے صدر جمہوریہ کی آمد پر دونوں ایوانوں کی خصوصی میٹنگ کو کامیاب بنانے میں پوراتعاون فراہم کرنے کا تیقن دیا۔
میٹنگ میں یوگی نے کہا کہ 6جون تاریخی دن
ہوگا جب آزادی کے امرت مہوتسو سال میں اترپردیش اسمبلی کے مشترکہ اجلاش سے صدرجمہوریہ خطاب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ 23مئی سے چل رہا اسمبلی کا بجٹ اجلاس نظیر بن رہا ہے۔ انہوں نے ایوان کی کاروائی خوش اسلوبی سے چلانے میں سبھی پارٹیوں کے مثبت تعاون کے لئے کا شکریہ ادا کیا۔
میٹنگ میں سماج وادی پارٹی کے منوج کمار پانڈے، اپنا دل(سونیلال) کے لیڈر رام نواس ورما، ایس بی ایس پی کے اوم پرکاش راج بھر، جن ستا دل لوک تانترک کے رگھوراج پرتاپ سنگھ’راجا بھیا‘،بہوجن سماج پارٹی کے لیڈر اوما شنکر سنگھ سمیت دیگر پارٹیوں کے لیڈر موجود تھے۔میٹنگ میں پارلیمانی امور کے وزیر سریش کمار کھنہ نے سبھی پارٹیوں کے لیڈروں سے مشترکہ اجلاس میں تعاون کی اپیل کی۔