نئی دہلی، 10 مارچ (یو این آئی) صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کووند، وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کے روز ملک کے عوام کو ہولی کی مبارکباد دیں۔
صدر کووند نے ٹوئٹ کیا، سبھی کو ہولی کی بہت بہت مبارکباد۔ رنگوں کے تہوار ہولی ہمارے سماج میں موسم بہاراور بھائی چارے کا تہوار ہے۔ یہ سبھی کی زندگی میں امن اور خوشحالی لائے۔
مسٹر مودی نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ ’’رنگوں اور خوشی کے تہوار کی آپ سبھی کو بہت بہت مبارکباد۔ یہ تہوار ملک کے سبھی عوام کی زندگی میں خوشیاں
لائے‘‘۔
وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی ٹوئٹ کرکے ملک کے عوام کو ہولی کی مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ ’’ہندوستان کے عوام کو ہولی کی مبارکباد‘‘۔
واضح رہے کہ گزشتہ 4 مارچ کو وزیراعظم نے اعلان کیا تھا کہ کورونا وائرس کے سبب وہ اس بارہولی کے کسی بھی پروگرام میں شامل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ ’’دنیا کے ماہرین نے کورونا کے پھیلاؤ روکنے کے لئے اجتماعی تقریبات کم کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ اس وجہ سے میں نے اس برس ہولی ملن پروگرام میں شامل نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے‘‘۔