بھوپال، 25 مئی (یو این آئی) صدر رام ناتھ کووند 28 مئی کو مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں آروگیہ بھارتی کے زیر اہتمام منعقدہ ’ایک قوم، ایک صحت، موجودہ وقت کی ضروریات‘ پروگرام کا افتتاح کریں گے۔
اس موقع پر گورنر منگو بھائی پٹیل، وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان اور ریاست کے آیوش وزیر رام کشور کاورے موجود ہوں گے۔
آروگیہ بھارتی کے نیشنل آرگنائزیشن سکریٹری ڈاکٹر اشوک کمار ورشنے نے بتایا کہ کورونا دور میں ہر شخص
نے تجربہ کیا کہ چھوٹے چھوٹے کام بھی صحت کو برقرار رکھنے میں بہت کارآمد ہیں۔ آروگیہ بھارتی گزشتہ 20 برسوں سے پورے ملک میں خدمت کے جذبے کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ آروگیہ منتھن میں موضوع سے متعلق ماہرین کی رائے اور خیالات ہوں گے۔
اس سلسلے میں آروگیہ بھارتی کے بانی صدر ڈاکٹر راگھویندر کلکرنی کا اہم خطاب ہوگا۔ آروگیہ بھارتی کے قومی عہدیدار اور تمام طبی نظاموں سے متعلق طلباء، ڈاکٹر، اساتذہ اور محققین اس پروگرام میں حصہ لیں گے۔