نئی دہلی ، 12 اگست (یو این آئی) صدر جمہوریہ دروپدی مرمونے ڈیجیٹل پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن (ڈی پی ڈی پی ) بل 2023 کو سنیچر کے روز منظوری دے دی۔ یہ بل 09 اگست کو راجیہ سبھا میں متفقہ طور پر منظور کیا گیا تھا۔ اس سے قبل لوک سبھانے اسے 7 اگست کو صوتی ووٹ سے منظور کیا تھا۔ اس بل کا مقصد افراد کے ڈیٹا کو قانونی طور پر پروسیس کرنے کی ضرورت کے ساتھ ان کے ڈیٹا کو محفوظ رکھنے کے حق کو متوازن کرتے ہوئے ڈیجیٹل ذاتی ڈیٹا کا انتظام کرنا ہے۔ بل کے مطابق ، کوئی شخص کسی فرد کے ذاتی ڈیٹا کو قانونی مقصد کے
لیے اس کی رضامندی اور کچھ قانونی استعمال کے لیے پروسیس کر سکتا ہے۔ اس بل میں ڈیٹا پر وٹیکشن بورڈ آف انڈیا کے قیام کا پر وژن ہے ۔ ذاتی ڈیٹا کی خلاف ورزی کی اطلاع ملنے پر بورڈ
معاملے کی تحقیقات کرے گا اور جرمانہ عائد کرے گا۔ بورڈ جرمانے کی رقم کا تعین کرتے وقت خلاف ورزی کی نوعیت، سنگینی اور مدت اور خلاف ورزی سے متاثر ذاتی ڈیٹا کی نوعیت پر غور کرے گا۔ بل میں کہا گیا ہے کہ افراد کو اپنے ذاتی ڈیٹا کو درست کرنے ، مکمل کرنے ، اپ ڈیٹ کرنے اور منانے کا حق ہے، جس کے لئے انہوں نے پہلے رضا مندی دی ہے۔