نئی دہلی، 16 اپریل (یو این آئی) ملک کے سرکاری براڈکاسٹر پرسار بھارتی نے وزیر اعظم کے میوزیم کے لیے اپنے آرکائیوز سے سابق وزرائے اعظم کی تقاریر اور مضامین سے متعلق نادر مواد دیا ہے۔
ہفتہ کو جاری کردہ ایک بیان میں، اطلاعات و نشریات کی وزارت نے کہا کہ پرسار بھارتی آرکائیوز نے تاریخی، سیاسی اور ثقافتی اہمیت کے نایاب مواد کے خزانے کے طور پر تقریباً 206 گھنٹے کا آڈیو اور 53 گھنٹے کا بصری مواد فراہم کیا ہے۔ اس مواد میں
دستور ساز اسمبلی سے خطاب، پہلے یوم آزادی پر قوم سے نشر کیا جانا، تقریب حلف برداری، انسٹی ٹیوٹ آف اٹامک انرجی کا افتتاح اور پہلے جوہری ریختر کا افتتاح، ایمرجنسی کا اعلان، اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی ، ناوابستہ کانفرنس سے خطاب اور دہلی میٹرو کا افتتاح وغیرہ متعدد مواقع پر سابق وزرائے اعظم کے خطابات شامل ہیں۔ 1940 سے پبلک براڈکاسٹر کے پاس دستیاب یہ انمول ریکارڈنگز کو پرسار بھارتی نے مفاد عامہ میں محفوظ اور ڈیجیٹائز کیا ہے۔