نئی دہلی،24اپریل(یواین آئی)دہلی پولیس نے رمضان کے دوران لاک ڈاؤن پر عمل کرتے ہوئے گھروں میں ہی عبادت کرنے کی اپیل کی ہے۔
دہلی پولیس نے جمعہ کو ٹویٹ کرکے کہاکہ کل سے رمضان کا مہینہ شروع ہورہا ہے۔ہم لوگوں سے امید کرتے ہیں کہ روزہ اور نماز ادا کرنے کے دوران لاک ڈاؤن کے اصولوں پر وہ عمل کریں گے۔حکومت کے حکم کے مطابق اذان ہوگی۔نماز اور سہری افطار گھر میں ہی کریں۔کورونا کی وبا سے لڑنےکےلئے سبھی کندھا سے کندھا ملاکرمدد کریں۔
روہنی ضلع میں ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد
پولیس نے واضح کردیاہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران اذان پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔وائرل ویڈیو میں پریم نگر تھانے کے دو پولیس ایک مسجد کے مولوی کو اذان دینے سے منع کررہے ہیں۔مقامی لوگوں کے اعتراض پر پولیس اہلکار کہہ رہے ہیں یہ لیفٹننٹ گورنر کا حکم ہے۔اس معاملے میں روہنی ضلع کے پولیس ڈپٹی کمشنر سے رابطہ کیاگیا لیکن انہوں نے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔
وہیں لیفٹننٹ گورنر انل بیجل نے پولیس کی جانب سے جاری اپیل کو ٹیگ کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے رمضان میں عبادت کریں۔