نئی دہلی، 21دسمبر (یو این آئی) شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کے خلاف مظاہرہ میں شامل بھیم آرمی کے سربراہ چندر شیکھر آزاد کو یہاں جامع مسجد کے نزدیک سنیچر کی صبح سویرے حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ مظاہرین کو اکسانے کے اندیشہ کے پیش نظر تقریباََ صبح چار بجے چندرشیکھر کو حراست میں لیا گیا۔
چندر شیکھر نے حراست میں لئے جانے سے پہلے ٹوئٹ کرکے کہا کہ پولیس جامع مسجد کے سامنے گلی میں اپنے گھروں کے آگے پرامن طریقہ سے کھڑے لوگوں کو لاٹھی چارج اور
مقدمہ درج کرنے کا خوف دکھارہی ہے۔ یہ پولیس کی تحریک کو بدنام کرنے کی سوچی سمجھی سازش لگ رہی ہے۔
انہوں نے ایک دیگر ویڈیویو ٹوئٹ میں کہا کہ سی اے اے اور این آر سی کے خلاف آج بڑی لڑائی ہے۔ یہ قانون ملک کو توڑ دے گا۔ انہوں نے لوگوں سے پرامن طریقہ سے اپنی تحریک چلانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ لڑائی کسی ذات یا مذہب کے خلاف نہیں ہے بلکہ ملک کوبچانے کی ہے۔حکومت کو اس قانون کو واپس لینا ہوگا۔ ملک کو کمزور کرنے اور خاص طورپر دلتوں پسماندہ لوگوں کے حق کو چھییننے کی سازش کی جارہی ہے۔