نئی دہلی، 17 جون (یو این آئی) وسطی دہلی سے غازی آباد، نوئیڈا یا یمناپار مشرقی دہلی جانے والوں کوپرگتی میدان اور آؤٹر رِنگ روڈ پرطویل جام سے اتوار سے بڑی راحت ملنے والی ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی 19 جون کو پرگتی میدان انٹیگریٹڈ ٹرانزٹ کوریڈور پروجیکٹ کی اہم سرنگ اور پانچ انڈر پاس قوم کے نام وقف کریں گے۔
وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق، مسٹر مودی اتوار کی صبح 10.30 بجے پرگتی میدان انٹیگریٹڈ ٹرانزٹ کوریڈور پروجیکٹ کے مین ٹنل اور پانچ انڈر پاس کا افتتاح کرنے کے ساتھ اس موقع پر
اجتماع سے بھی خطاب کریں گے۔ یہ انٹیگریٹڈ ٹرانزٹ کوریڈور پروجیکٹ پرگتی میدان کی بحالی کے منصوبے کا ایک اٹوٹ حصہ ہے۔
مرکزی حکومت کے ذریعہ فنڈڈ اس پرگتی میدان انٹیگریٹڈ ٹرانزٹ کوریڈور پروجیکٹ کو 920 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے بنایا گیا ہے۔ اس کا مقصد پرگتی میدان میں تیار کیے جانے والے نئے عالمی معیار کے نمائش اور کنونشن سینٹر تک بغیر کسی پریشانی کے اور آسان رسائی فراہم کرنا ہے جس سے پرگتی میدان میں ہونے والے پروگراموں میں نمائش کنندگان اورآنے والوں کی آسانی سے شرکت ہوسکے۔