نئی دہلی، 17 نومبر (ایجنسی) وزیر اعظم نریندر مودی مالدیپ کے نئے منتخب صدر ابراہیم محمدصالح کی حلف برداری کی تقریب میں حصہ لینے کے لئے ہفتہ كو مالدیپ کے دورے پر جائیں گے۔
مسٹر مودی نے آج ٹویٹ کرکے کہا"میں نو منتخب صدر ہز ایکسی لینسی ابراہیم محمد صالح کی تاریخی حلف برداری کی تقریب میں حصہ لوں گا اور حال ہی میں ہوئے انتخابات میں انہیں ملی شاندار کامیابی کے لئے مبارک باد دیتا ہوں اور ان کےخوشگوار مدت کار کا متمنی ہوں"۔
مسٹر مودی نے کہا"مالدیپ میں جو انتخابات
ہوئے ہیں ان میں لوگوں نے جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور خوشحال مستقبل کی اپنی اجتماعی خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ مالدیپ ایک مستحکم، جمہوری، خوشحال اور پرامن ملک کے طور پر ابھرے"۔
قابل غور ہے کہ مسٹر صالح نے گزشتہ ہفتہ ہی مسٹر مودی کو حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی تھی۔
مسٹر مودی نے یہ بھی کہا"میں مسٹر صالح کی قیادت والی مالدیپ کی نئی حکومت کو حکومت ہند کی خواہشات سے آگاہ کرانا چاہوں گا جس میں اپنی تمام ترقیاتی ترجیحات کو پورا کرنے کے لئے مل کر کام کرنا شامل ہے"۔