نئی دہلی، 25جنوری (ایجنسی) ہندوستان او رجنوبی افریقہ نے دفاع، کاروبار ، اسکل ڈیولپمنٹ اور ٹکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون میں اضافہ کرنے کے لئے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے 70ویں یوم جمہوریہ کی سب سے اہم تقریب کے مہمان خصوصی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا کے ساتھ حیدرآباد ہاوس میں وفد کی سطح پر میٹنگ میں ان خیالات کا اظہار کیا۔ وزارت خارجہ کے افسران کے مطابق دونوں ملکوں نے دفاع اور سیکورٹی، تجارت اور سرمایہ کاری، اسکل ڈیولپمنٹ ، سائنس
اور ٹکنالوجی، تعلیم اور تکنیکی تعاون اور باہمی فورموں پر تعاون میں اضافہ کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
مسٹر مودی نے بعد میں اپنے بیان میں کہا کہ ہندوستان کے دیرینہ دوست صدر راما فوسا کے لئے ہندوستان نیا نہیں ہے لیکن صدر کے طور پر یہ ان کا ہندوستان کا پہلا دورہ ہے او ران کا یہ دورہ ہمارے تعلقات کے ایک خصوصی موقع پر ہورہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سال مہاتما گاندھی کی 150ویں سالگرہ ہے جب کہ گذشتہ سال جنوبی افریقہ کے عظیم رہنما نیلسن منڈیلا کی صد سالہ سالگرہ کا تھا۔ گذشتہ سال ہی دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات کی سلور جوبلی بھی تھی۔