جودھپور، 28 ستمبر (ایجنسی) وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک پر اپنا سب کچھ نچھاور کرنے والے شہیدوں کو سیلیوٹ کرکے آج یہاں ہندوستانی فوج کی جانب سے منعقد تین روزہ"پراکرم پرو" کا افتتاح کیا۔
سرجیکل اسٹرائیک کی دوسری برسی پر یہاں پہنچے مسٹر مودی نے کونارک وار میموریل پر شہیدوں کو سیلیوٹ کرکے گلہائے عقیدت پیش کئے اور ہتھیاروں کی نمائش کا افتتاح کیا۔ ہندوستانی فوج کی جانب سے دو سال پہلے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے کے لیے پاکستان میں گھس کر کی گئی سرجیکل اسٹرائیک کی برسی پر " پراکرم پرو" منا رہی ہے۔ تین روزہ اس "پراکرم پرو" کا آغاز آج جودھپور سے ہوا ہے۔
مسٹر مودی کے یہاں پہنچنے پر وزیر اعلی وسندھرا راجے نے استقبال کیا۔ وہ ایئر فورس ایئر پورٹ سے براہ راست فوجی علاقے میں واقع کونارک وار میموريل پہنچے۔ یہاں پر انہوں نے گلپوشی کرکے ملک کی حفاظت کرتے ہوئےاپنی جان نچھاور کرنے والے شہیدوں کو سیلیوٹ کیا۔ یہاں سے مسٹر مودی کھلی جیپ سےکونارک وار میموریل پہنچے اور شہیدوں کے نام ایک پیغام لکھنے کے
ساتھ ہتھیاروں کی نمائش کا افتتاح کیا. انہوں نے سلامی لینے کے ساتھ ہی جوانوں اور ان کے اہل خانہ سے ہاتھ ملاکر ان کا حوصلہ بڑھایا۔
ہندوستانی فوج کی جانب سے لگائی گئی نمائش میں ٹینک، آرٹلری، ریڈار، اٹیکنگ ہیلی کاپٹر "رودر" اور "چیتا" سمیت کئی طرح کے ہتھیار شامل ہیں۔اس موقع پر وزیر دفاع نرملا سیتا رمن، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال، وزیر اعلی وسندھرا راجے اور جودھپور کے ایم پی ومرکزی زراعت کے وزیر مملکت گجندر سنگھ شیخاوت بھی موجود تھے۔
مسٹر مودی نمائش کا جائزہ لینے کے بعد جودھپور ایئر بیس کے لیے روانہ ہو گئے جہاں وہ تینوں فوج کے سربراہوں کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔ قابل ذکر ہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ فوج کے تینوں سربراہ ایک ساتھ یہاں موجود ہیں۔
ہندوستانی فوج کی جانب سے "پراکرم پرو"ا کا انعقاد 28 سے 30 ستمبر تک جودھپور سمیت چار ملٹری اسٹیشن پر کیا جا رہا ہے۔ اس کے بعد ملک بھر میں اس کی نمائش کی جائے گی۔ 29 اور 30 ستمبر کو نمائش عام لوگوں کے لئے کھولی جائے گی۔