نئی دہلی، 30 مئی (ایجنسی) نامزد وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو وزیر اعظم کے عہدے کا حلف لینے سے قبل بابائے قوم مہاتما گاندھی، سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی اور ملک کی خاطر اپنی جاں نثار کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ مسٹر مودی آج صبح سب سے پہلے بابائے قوم مہاتما گاندھی کی سمادھی راج گھاٹ پہنچے اور انہیں گلہائے عقیدت پیش کئے ۔اس کے بعد مسٹر مودی سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی سمادھی ’ سدا اٹل‘ پر گئے اور سابق وزیر اعظم کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ اس موقع پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) صدر امت شاہ اور بی جے پی کے دیگر لیڈر بھی موجودہ تھے۔ واجپئی کی سمادھی پر خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد مسٹر مودی انڈیا گیٹ پر واقع نیشنل وار میموریل گئے اور ملک کی خاطر اپنی جاں
نثار کرنے والے جانباز شہیدوں کو خراج عقیدت پیش؎ کیا ۔ اس موقع پر بری فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت، بحریہ سربراہ ایڈمرل سنیل لامبا اور فضائیہ کے نائب سربراہ ایئر مارشل آر کے سنگھ بھدوريا بھی موجود تھے۔
مسٹر مودی کو صدر جمہوریہ رام ناتھ كووند آج شام سات بجے وزیر اعظم کے عہدے کا حلف دلائیں گے۔ مسٹر مودی مسلسل دوسری مر تبہ وزیر اعظم کے عہدے کا حلف لیں گے۔ اس کے لئے راشٹریہ بھون میں شاندار انتظامات کئے گئے ہیں۔ مسٹر مودی کے ساتھ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور این ڈی اے میں شامل جماعتوں کے اراکین پارلیمنٹ کے بھی حلف لینے کا امکان ہے۔
سترہویں لوک سبھا کے انتخابی نتائج میں مسٹر مودی کی قیادت میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) نے 542 میں سے 353 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔