نئی دہلی/ 23 جنوری (ایجنسی)ہندوستانی پولیس سروس (آئی پی ایس ) کے سینئر افسر راکیش استھانا کا تبادلہ سول ایوی ایشن سیکورٹی بیورو کے ڈائریکٹر جنرل کے طورپر کئے جانے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔
پیشے سے وکیل منوہر لال شرما نے سپریم کورٹ میں عرضی دائر کرکے مسٹر استھانا کے تبادلے کو چیلنج کیا ہے۔ مسٹر شرما کی دلیل ہے کہ سی بی آئی کے سابق خصوصی ڈائریکٹر راکیش استھانا کے خلاف بدعنوانی کے الزامات کے تحت معاملہ درج ہے۔ ایسی صورت میں انہیں سول ایوی ایشن سیکورٹی
بیورو کا ڈائریکٹر جنرل مقرر کیا جانا مناسب نہیں ہے۔
دہلی ہائی کورٹ نے گذشتہ گیارہ جنوری کو مسٹر استھانا کے خلاف درج ایف آئی آر کو کالعدم کرنے سے انکار کردیا تھا۔ اس دن ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ ستیش سانا نے کافی سنگین الزامات لگائے ہیں۔ اس کا کہنا تھا کہ کسی سرکاری ملازم کے خلاف بدعنوانی اور عوام کی خدمت نہیں کرنے کے معاملے میں استغاثہ کی اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے۔ بعد میں مرکزی حکومت نے مسٹر استھانا کو سی بی آئی سے ہٹا کر سول ایوی ایشن سیکورٹی بیورو کا سربراہ مقرر کردیا ۔ مرکزی حکومت کے اسی فیصلے کو وکیل مسٹر شرما نے چیلنج کیا ہے۔