نئی دہلی،30 مئی (یو این آئی) ’وندے بھارت مشن‘ کے تحت روس میں پھنسے ہندوستانیوں کو لینے جا نے والے ایئر انڈیا کے طیارے کے پائلٹ کی کووڈ۔19 رپورٹ مثبت آنے کے بعد پرواز آدھے راستے سے واپس لوٹ آئی۔
ذرائع نے بتایا کہ طیارے نے ہفتے کی صبح ماسکو کے لئے پرواز بھری تھی۔ اس طیارے میں دہلی این سی آر اور راجستھان کے لوگوں کو روس سے واپس لایا جانا تھا۔ راستے میں پائلٹ کو اطلاع دی گئی کہ اس کی کووڈ -19 رپورٹ مثبت آئی ہے۔ اس کے بعد طیارے کو آدھے راستے
سے واپس لوٹا لیا گیا۔ ابھی طیارے کو مکمل طور جراثیم سے پاک کرنے کے بعد نئے عملے کے ساتھ ماسکو بھیجا جائے گا۔
اس سلسلے میں پوچھے جانے پر ایئر انڈیا نے معاملے پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے حالانکہ ماسکو میں واقع ہندوستانی سفارت خانہ نے بتایا کہ ماسکو سے دہلی کے راستے جے پور جانے والی پرواز میں ’ تکنیکی وجوہات‘ سے تاخیر ہو رہی ہے۔ مقامی وقت کے مطابق پرواز صبح 11.50 بجے روانہ ہونی تھی۔ اس نے ابھی پرواز کے لئے کوئی نیا وقت نہیں بتایا ہے۔