واشنگٹن،12 دسمبر(یواین آئی) امریکہ کے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (ایف ڈی اے) نے دوا ساز کمپنی فائزر کے ذریعہ تیار کی گئی کورونا ویکسن کے ہنگامی صورت میں استعمال کو منظوری دے دی ہے۔
روزنامہ نیویارک ٹائمس نے جمعہ کو شائع اپنی ایک رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سےیہ اطلاع دی۔ رپورٹ کے مطابق آنے والے دنوں میں سب سے پہلے یہ ویکسن کورونا کی شدید علامات والے مریضوں کو دی جائے گی۔
ایف ڈی اے کی جانب سے فائزر کی کورونا ویکسن کے ہنگامی صورت میں استعمال کو منظوری دینے کے اس فیصلے کو تاریخی مانا جارہا
ہے۔
عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ 19) سے شدید طورپر دوچار امریکہ میں اس کے انفیکشن سے اب تک 2.94لاکھ سے زیادہ لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔ امریکہ دنیا میں کورونا سے متاثر ملکوں کی فہرست میں پہلے مقام پر ہے۔
امریکہ میں یہ وبا خطرناک شکل لے چکی ہے اور اب تک 1.58کروڑ سے زیادہ لوگ اس سے متاثر ہو چکے ہیں۔امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سائنس اور انجینئرنگ کے مرکز (سی ایس ایس ای) کی جانب سے جاری کئےگئے تازہ اعدادو شمار کے مطابق امریکہ میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 2,94,874 پہنچ گئی ہے جبکہ متاثرین کی تعداد 1,58,34,965 ہوگئی ہے۔