نئی دہلی، 3 مارچ (یو این آئی) سپریم کورٹ نے آئین کے آرٹیکل 370 کی دفعات کو ختم کرنے سے متعلق جموں وکشمیر کے سابق وزیر اعلی فاروق عبد اللہ کے متنازعہ بیان کے خلاف دائر درخواست کو بدھ کے روز خارج کردیا۔
بڑودہ میں واقع وشو گرو انڈیا ویژن آف سردار پٹیل نامی ایک تنظیم کے سکریٹری رجت شرما اور دیگر کی طرف سے دائر کی جانے والی درخواست میں ڈاکٹر عبداللہ کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے
اور ان کی پارلیمانی رکنیت رد کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔
عدالت عظمی نے نہ صرف یہ عرضی خارج کردی بلکہ عدالت کا وقت ضائع کرنے کے لیے درخواست گزاروں پر پچاس ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ درخواست گزار نے دعوی کیا تھا کہ سابق وزیر اعلی نے چین کی مدد سے جموں و کشمیر میں آرٹیکل 370 کو بحال کرنے کی بات کی تھی، لیکن سماعت کے دوران درخواست گزار اپنے الزام کی حمایت میں مناسب دلائل نہیں پیش کرسکے۔