دبئی/20جنوری(ایجنسی) امریکی نائب صدر مائیک پینس ہفتے کے روز سے مشرق وسطی کے چار روزہ دورے کا آغاز کر رہے ہیں۔ وہ مصر، اردن اور اسرائیل جائیں گے۔ دسمبر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے اور امریکی سفارت خانے کو وہاں منتقل کرنے کے اعلان کے بعد مائیک پینس مشرق وسطی کا دورہ کرنے والے اعلیٰ امریکی عہدے دار ہیں۔
مائیک پینس مصری اور اردنی قیادت کے ساتھ اپنی ملاقاتوں میں ٹرمپ کے
اعلانِ قُدس پر بات کریں گے۔ اس کے علاوہ اقتصادی اور عسکری امداد پر گفتگو بھی ان ملاقاتوں کے ایجنڈے میں شامل ہو گی۔
مبصرین کو توقع ہے کہ پینس اپنی ملاقاتوں میں اردن کے فرماں روا اور مصری صدر کو اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے بیچ اُس امن منصوبے کے بنیادی خدوخال پیش کریں گے جس کا اعلان واشنگٹن کی جانب سے بارہا کیا جاتا رہا ہے۔ بعد ازاں پینس اسرائیل روانہ ہو جائیں گے جہاں وہ اسرائیلی وزیراعظم اور صدر سے ملاقات کے علاوہ پارلیمنٹ سے خطاب کریں گے۔